کورونا کیسوں کا روزنیا ریکارڈ ، جمعرات کو 9,304 معاملے

,

   

نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کورونا وائرس کی صورتحال اب اس مرحلے تک پہنچ چکی ہے کہ روز نئے مصدقہ کیسوں کا ریکارڈ درج ہورہی ہے۔ جمعرات کو کورونا کے مریضوں کی ملک گیر تعداد میں 9,304 کا اضافہ ہوا جو اب تک ایک دن کی بڑی تعداد ہے۔ اس کے ساتھ جملہ متاثرین 2,16,919 ہوگئے جبکہ اموات 260 کے اضافے پر 6,075 ہوچکی ہے۔ انڈیا کووڈ۔19 وباء سے متاثرہ اقوام میں امریکہ، برازیل، روس، یو کے، اسپین، اٹلی کے بعد 7 ویں نمبر پر ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ کورونا کے ملک بھر میں فعال کیس جمعرات کی صبح 1,06,737 ریکارڈ کی گئی۔ سرکاری ڈیٹا کے مطابق ملک میں اب لگاتار پانچویں روز 8 ہزار سے زائد تازہ معاملے سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3,804 مریض صحتیاب ہوئے جس کے ساتھ ابھی تک ملک میں روبہ صحت ہونے والے مریضوں کی جملہ تعداد 1,04,107 ہوگئی۔ وزارت نے کہا کہ کووڈ مریضوں میں صحت یابی کی شرح 47.99% ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کہا کہ جمعرات کو صبح تک جملہ 42,42,718 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے جن میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1,39,485 کا کووڈ ٹسٹ کیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا (2,587 اموات) سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے۔