کورونا کیسیس میں اضافہ، گورنر کی وزیر صحت سے بات چیت

   

حیدرآباد ۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سندر راجن نے وزیر صحت ایٹالا راجندر سے فون پر بات کی اور ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافے سے متعلق تفصیلات حاصل کی ہیں۔ گورنر نے کورونا کی دوسری لہر کے تحت مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے تدارک کے علاوہ علاج سے متعلق تفصیلات اور دیگر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر صحت نے حکومت کی جانب سے کورونا کی تشخیص اور علاج کے علاوہ متاثرہ افراد کے رابطہ میں آنے والوں سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کے لئے ایپ کی تیاری سے گورنر کو واقف کروایا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ریاست میں کورونا علاج کے لئے مخصوص دواخانوں میں سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔ گورنر نے مختلف دواخانوں میں بڑی تعداد میں مریضوں کے وینٹی لیٹرس پر ہونے کے موقف کی بھی تفصیلات حاصل کیں۔ گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کے علاوہ دیگر قواعد پر سختی سے عمل آوری کریں۔