کورونا کی دوسری لہر ‘ تلنگانہ میں 36 ڈاکٹرس فوت‘ آندھرا میں 35 اموات

   

حیدرآباد۔ کورونا کی دوسری لہر میںتلنگانہ میں 36ڈاکٹرس کی موت ہوئی اور پڑوسی ریاست میں 35 ڈاکٹرس فوت ہوچکے ہیں۔ انڈین میڈیکل اسوسیشن نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا سے فوت ڈاکٹرس کی تعداد دوسری لہر کے دوران 36 رہی جبکہ آندھرا پردیش میں 35 رہی۔ ملک میں سب سے زیادہ ڈاکٹرس بہار میں فوت ہوئے ہیں جہاں تعداد مہلوکین کی تعداد 111 بتائی گئی ہے۔ آئی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرس کی اموات کے معاملہ میں بہار کے بعد دوسرے نمبر پر دہلی رہی ۔ دہلی میں تعداد109 رہی ۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک بھر میں جملہ 719 ڈاکٹرس کے فوت ہونے کی توثیق کی گئی ہے جبکہ پہلی لہر میں 748 ڈاکٹرس نے جان گنوائی تھی۔ صدر اسوسیشن ڈاکٹرجیا لعل نے بتایا کہ مارچ میں کورونا کے آغاز سے اب تک 1400 ڈاکٹرس فوت ہوچکے ہیں اور انڈین میڈیکل اسوسیشن کی جانب سے وزیر اعظم مودی کو مکتوب روانہ کرکے واقف کروایا گیا کہ کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس کی موت کے سبب وبا میں ڈاکٹرس کے بوجھ میں اضافہ کے ساتھ مریضوں اور ڈاکٹرس کے درمیان فرق میں اضافہ ہوا ہے جس پر فوری اثر کے ساتھ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انڈین میڈیکل اسوسیشن کے مطابق کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران آندھرا پردیش میں 41 ڈاکٹرس کی کورونا وائرس کے سبب اموات ہوئی تھیں۔