سری نگر: کمیونٹی میڈیسن سپیشلسٹ ڈاکٹر روف حسین نے ویکسین لگوانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے نقطہ عروج کو ہم نے پار کیا ہے اور اب یہ لہر زوال پذیر ہے ۔تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران کورونا پروٹوکال پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ختم ہونے والا نہیں ہے لہذا ہمیں معمول کی زندگی بسر کرنے کے لئے راستے تلاش کرنے ہیں۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے ہفتہ وار خصوصی ویڈیو پروگرام ‘سکون’ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘کورونا کی دوسری لہر کا جو نقطہ عروج تھا ہم نے اس کو پار کیا ہے اب یہ لہر زوال پذیر ہے اور آنے والے ایک دو ہفتوں میں اس میں مزید کمی آئے گی’۔ان کا کہنا تھا کہ اس لہر کا نقطہ عروج ماہ مئی کا دوسرا حصہ ہی تھا۔موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بیچ تمام تر کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا: ‘اب جیسا کہ ان لاک ہو رہا ہے اس کے دوران لوگوں کا ملنا جلنا بڑھ سکتا ہے جس سے اس لہرمیں کمی واقع ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا، کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ’۔