وزیر داخلہ محمود علی کا مشورہ، مساجد میں احتیاطی تدابیر کی اپیل
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وباء کے واقعات میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ اسی طرح تلنگانہ میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ مریضوں کے علاوہ کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے لہذا عوام کو چاہیئے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی اور ارکان خاندان کی حفاظت کریں۔ وزیر داخلہ نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے طویل لاک ڈاؤن کے بعد مساجد میں باجماعت نمازوں کے آغاز پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ مساجد کی کشادگی سے روحانی سکون میسر ہوا ہے۔ عبادت گاہوں کو کھولنے کے بعد منادر اور گرجا گھروں میں بھی عبادت کی گئی اور سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے عبادات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو ختم کردیا گیا ہے۔ عوام نے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کا بھرپور تعاون کیا جس کے لئے میں شکر گذار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء پر ابھی بھی قابو نہیں ہوا ہے بلکہ ہر روز وباء میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے باہر نکلیں اور باہر نکلنے پر سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں۔ سنیٹائزر اور صابن کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عبادت گاہوں میں داخلے سے پہلے احتیاطی قدم اٹھائیں۔ مسلمان مسجدوں میں جانے سے قبل گھروں سے وضؤ بنالیں اور فرض نماز کی ادائیگی کے بعد باقی نمازیں گھر میں ادا کریں۔ انہوں نے ہوٹل اور دکانات کے مالکین کو مشورہ دیا کہ وہ کاروباری مقامات پر سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت کورونا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔
