کورونا کی لہروں میں بچے بھی متاثر ہوئے

   

عام تاثر غلط۔ متاثرین میں 1تا 20 سال عمر والے شامل
نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وائرس کی دو لہریں آچکی ہیں۔ عام تاثر یہ پیش کیا جاتا رہا ہیکہ 2020 اور 2021ء کی کوویڈ لہروں میں بچے متاثر نہیں ہوئے بلکہ پہلی لہر میں ضعیف افراد اور دوسری لہر میں ادھیڑ عمر والے کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم، ایک جائزہ میں معلوم ہوا ہیکہ دوسری لہر میں کم عمر آبادی بھی متاثر ہوئی۔ متاثرین میں 1 سال تا 20 سال کی عمر والے تقریباً 12 فیصد مریض شامل رہے ہیں۔ حکومت کے پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق 15 مارچ سے 25 مئی تک دوسری لہر کے دوران 20 سال تک کی عمر والے افراد بھی متاثر ہوئے۔ دونوں لہروں میں فرق اتنا رہا کہ اس مرتبہ 11.62 فیصد متاثرین کم عمر والے افراد رہے ہیں جبکہ یکم ؍ جولائی تا 31 ڈسمبر 2020ء میں یہی عمر کے گروپ کا تناسب 11.31 فیصد تھا۔ سرکاری ڈیٹا سے متعلق ہوا کہ 21 تا 50 سال کی عمر والا گروپ دونوں لہروں میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پہلی لہر کے متاثرین میں 59.74 فیصد اور دوسری لہر میں 62.45 فیصد افراد اسی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ 61 سال سے زائد عمر والے متاثرین کا تناسب پہلی لہر میں 13.89 فیصد اور دوسری لہر میں 12.58 فیصد رہا ہے۔ وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لوو اگروال نے کہا کہ پہلی اور دوسری لہر کے متاثرین کی ترکیب معلوم کی گئی ہے۔ پہلی لہر کے متاثرین میں 1 سال تا 10 سال کے بچے 3.28 فیصد رہے اور دوسری لہر میں یہی تناسب 3.05 فیصد ہوگیا۔ 11 تا 20 سال کے گروپ کا تناسب ترتیب وار 8.03 اور 8.57 فیصد ہے۔