کورونا کی ڈیلٹا قسم، امریکہ کا موجودہ سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

   

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم ڈیلٹا ویریئنٹ کے حوالے سے تحفظات اور کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے امریکہ اس وقت کوئی سفری پابندیاں نہیں اٹھائے گا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس میں جمعے کو سینیئر حکام کی میٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مطلب ہے کہ طویل عرصے سے عائد کی گئیں سفری پابندیاں جنہوں نے دنیا کی آبادی کی بڑی تعداد کو امریکہ میں داخلے سے روک رکھا ہے، مختصر مدت میں ختم نہیں کی جائیں گی۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے پیر کے روز بتایا کہ ’ڈیلٹا ویرئینٹ کی تازہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم اس وقت موجودہ سفری پابندیاں برقرار رکھیں گے، یہاں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے خاص طور پر ان افراد میں جن کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے اور ایسا نظر آ رہا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں یہ تعداد بڑھے گی۔‘امریکہ کی حالیہ پابندیاں ان غیرملکیوں کو ملک میں داخلے سے روکتی ہیں جو سفر سے پہلے 14 دنوں سے برطانیہ، 26 شینگن ممالک، آئرلینڈ، چین، انڈیا، جنوبی افریقہ، ایران اور برازیل میں رہے ہوں۔یو ایس ٹریول ایسوسی ایشن، ایئر لائنز کی نمائندگی کرنے والے، کسینوز، ہوٹلوں، ایئرپورٹس، طیارے بنانے والے اداروں اور دیگر کمپنیوں پر مشتمل گروپ نے امریکی انتظامیہ سے گذشتہ سال 15 جولائی سے عائد پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔