کورونا کے باعث نڈال بھی یو ایس اوپن سے دستبردار

   

نیویارک۔ٹینس کی نمبر ون خاتون کھلاڑی ایشلے بارٹی اور راجر فیڈرر کے بعد دفاعی چمپیئن رافل نڈال نے بھی یو ایس اوپن ٹورنمنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے اس بارے میں معلومات دیں۔نڈال نے کہا کہ کافی غوروخوص کے بعد میں نے اس سال یو ایس اوپن ٹورنمنٹ میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں صورتحال بہت خراب ہے ۔کوویڈ19 کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ اس پر ہماراکوئی قابو نہیں ہے ۔ نڈال نے مزیدکہا ہے کہ میں یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن اس بار میں نے اپنے دل کی بات سنی اورمیں اس وقت تک سفر نہیں کروںگا جب تک کہ حالات ٹھیک نہیں ہوں گے ۔ عالمی نمبر2 نڈال نے کورونا کی وجہ سے ٹینس کے بین الاقوامی شیڈول میں ہونے والی تبدیلی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ٹینس کیلنڈر اس سال کھلاڑیوں کی آزمائش لے رہا ہے کیونکہ یہ کھیل4 مہینوں سے نہیں ہوا ہے اور اس کے بعد یو ایس اور فرنچ اوپن کے بعد دو ٹورنمنٹ کھیلے جارہے ہیں۔ یو ایس اوپن 31 اگست سے 13 ستمبر تک ہوگا جبکہ فرانچ اوپن دوہفتے بعد پیرس میں27 ستمبر سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل سوئٹزرلینڈ کے عالمی نمبر چار راجر فیڈرر بھی گھٹنے کی سرجری کے سبب ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوگئے تھے ۔1999 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب نڈال اور فیڈرردونوں کسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کی مرکزی ڈرا میں نظر نہیں آئیں گے ۔19 گرانڈ سلام جیتنے والے نڈال کے پاس یو ایس اوپن میں فیڈرر کے20 خطابات جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کرنے کا موقع تھا۔تاہم دنیا کے نمبر ون ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ یو ایس اوپن میں کھیلیں گے ۔ تین مرتبہ ٹورنمنٹ جیتنے والے جوکووچ کے پاس18 ویںگرانڈ سلام جیتنے کا موقع ہے ۔ ان کے علاوہ ٹورنمنٹ میں عالمی نمبر3 ڈومینک تھیم ،عالمی نمبر5 ڈینیئل میدویدیف اور اسٹیفانوس سیسپاس بھی حصہ لیں گے ۔اسی کے ساتھ ہی تمام ٹاپ سیڈکھلاڑی خواتین کے زمرے میں ورلڈ نمبرایک ایشلے بارٹی کے علاوہ ٹورنمنٹ میں حصہ لیں گی۔ اس میں رومانیہ کی دنیاکی نمبر2 سمونا ہالیپ اورسرینا ولیمز شامل ہیں۔بارٹی نے5 دن قبل ہی یو ایس اوپن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ کورونا کی وبا کی وجہ سے امریکہ کا سفر نہیں کرسکتیں۔ دفاعی چمپیئن بارٹی نے فرانچ اوپن کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی اعلان کریں گی۔