نئی دہلی۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے دوران ڈیوٹی کرنے والے ڈاک ملازمین کو کورونا کا شکار ہونے پر دس لاکھ روپے کا معاوضہ ملے گا۔محکمہ ڈاک ضروری خدمات کے تحت آتا ہے ۔ دیہی ڈاک ملازمین سمیت ڈاک ملازمین صارفین کو ڈاک کی تقسیم، ڈاک بچت بینک، ڈاک لائف انشورنس اور پی پی ایس کے تحت کسی بھی بینک، کسی بھی شاخ سے اپنے دروازہ پر پیسہ نکالنے کی سہولت فراہم کرنے کے مختلف فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ ڈاک گھر مقامی ریاستی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ رابطہ کرکے پورے ملک میں کووڈ۔ 19کٹ، کھانے کے پیکٹ، راشن اور ضروری ووائیں وغیرہ بھی تقسیم کررہا ہے ۔ اس طرح ڈاک گھر کورونا بحران کے وقت میں سماج کی خدمت کے ساتھ ساتھ محکمہ کے فرائض ادا کررہا ہے ۔محکمہ مواصلات نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ کورونا کی صورتحال میں ڈیوٹی پر لائے جانے کے دوران بیماری کے شکار ہونے والے دیہی پوسٹل عملہ سمیت تمام موا صلات ملازمین کو دس لاکھ روپے کے معاوضہ کی ادائیگی میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔رہنما ہدایات فوری طورپر نافذ ہوں گی اور کورونا بحران کا وقت ختم ہونے تک جاری رہیں گی۔