کورونا کے معاملہ میں حیدرآباد ڈینجر زون میں: کشن ریڈی

,

   

ٹسٹوں کے معاملہ میں حکومت کا تساہل، مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کا دعویٰ
حیدرآباد۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ دہلی، ممبئی اور چینائی کے علاوہ حیدرآباد کورونا کے معاملہ میں ڈینجر زون میں داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کو مشورہ دیا کہ کیسس میں اضافہ کے پیش نظر سکریٹریٹ کی قدیم عمارتوں کو کوویڈ ہاسپٹل میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹوں کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت تساہل اور لاپرواہی کا رویہ ترک کرے۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے مرکز کی جانب سے تلنگانہ حکومت کی بڑے پیمانے پر مدد کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں بستروں کی کمی کے سبب عوام پریشان ہیں اور اس سلسلہ میں مرکز کو شکایت موصول ہوئی ہے۔ قدیم سکریٹریٹ میں 3000 بستروں پر مشتمل کوویڈ ہاسپٹل قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کالج میں آئسولیشن سنٹر قائم کیا جانا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں کشن ریڈی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوبارہ نفاذ کے مسئلہ پر تلنگانہ حکومت فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو کانگریس پارٹی نے نظرانداز کردیا ہے جبکہ مرکز نے پی وی نرسمہا راؤ کا پوسٹل اسٹامپ جاری کرتے ہوئے انہیں عزت بخشی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے محض رسمی انداز میں نرسمہا راؤ کی جینتی تقاریب منائی ہے۔