کورونا کے مفت علاج کیلئے آروگیہ شری اسکیم میں شمولیت

   

اتم کمار ریڈی کا مطالبہ ، ہاسپٹل سے ویڈیو پیام کی اجرائی
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب عوام کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کریں۔ اتم کمار ریڈی جو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد شہر کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں، ہاسپٹل سے ویڈیو پیام جاری کیا اور غریبوں کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا کیسیس میں اضافہ کے بعد کارپوریٹ دواخانوں میں غریب اور متوسط طبقات کیلئے علاج کی گنجائش نہیں ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت غریبوں کا مفت علاج کرے ۔ آندھراپردیش حکومت نے کورونا علاج کو آروگیہ شری کے تحت شامل کرتے ہوئے عوام کو سہولت پہنچائی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں اور اندرون تین یوم ڈسچارج ہوکر گھر چلے جائیں گے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین ، کارکنوں اور عوام سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے گاندھی بھون میں کووڈ کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے عوام کی رہنمائی کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے میں مرکز اور ریاست دونوں ناکام ہوچکے ہیں۔ غریبوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج کی سہولتیں دستیاب نہیں ہے۔ دواخانوں میں بستروںکی کمی کے علاوہ آکسیجن ، وینٹی لیٹر اور ادویات کی کمی نے اموات کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریبوں کیلئے کورونا کا علاج مفت فراہم کرے۔ اتم کمار ریڈی نے ڈاکٹرس ، نرسیس ، فرنٹ لائین ، ہیلت ورکرس اور صفائی عملہ کا شکریہ ادا کیا جو کورونا مریضوں کی زندگی بچانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور کانگریس کے علاوہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جارہی ہے ۔