کورونا کے پھیلاؤ کے دوران حقوق اطفال بری طرح متاثر

   

دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ، این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ کانفرنس کا انعقاد
حیدرآباد: ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کے پس منظر میں ایم وی فاؤنڈیشن نے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ زوم کانفرنس منعقدکی جس میں دیہی علاقوں میں حقوق اطفال کے تحفظ کا جائزہ لیا گیا ۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں بچوں کے حقوق کے سلسلہ میں سرگرم تنظیموں کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ سابق صدرنشین نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائیلڈ رائس پروفیسر شانتا سنہا ، ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار ایم جگدیشور اور نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ڈی ونود کمار مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ پروفیسر شانتا سنہا نے کورونا کی موجودہ صورتحال میں تحفظ حقوق اطفال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں کئی سرپنچوں نے بچوں کی مدد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تعلیمی حقوق کے علاوہ ان کی صحت پر توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے غیر سرکاری تنظیموں کے رول کی ستائش کی۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار نے کہا کہ حکومت بہت جلد بچوں کی تعلیمی پالیسی کا اعلان کرے گی ۔ اس سلسلہ میں غیر سرکاری تنظیموں نے مشاورت جاری ہے ۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار جگدیشور نے کہا کہ ہر ضلع میں ایک این جی او کو سرگرم رہنا چاہئے ۔ ایم وی فاونڈیشن کے فاؤنڈنگ کنوینر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ کورونا کی صورتحال کے سبب حقوق اطفال برتی طرح متاثر ہوئے ہیں۔ بچوں کی غیر قانونی منتقلی اور چائلڈ لیبر سے روکنے کیلئے غیر سرکاری تنظیموں کو متحرک ہونا چاہئے۔ 30 اضلاع میں سرگرم این جی اوز کے نمائندوں نے کانفرنس میں حصہ لیا۔ اسی دوران بی ونود کمار نے 22 جولائی کو اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔