کور ونا کے بڑھتے واقعات، فی الحال تشویش کی کوئی بات نہیں: شیوراج

   

بھوپال : مدھیہ پردیش میں کورونا کے مسلسل بڑھ رہے معاملوں کے درمیان آج وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ریاست میں روزانہ کورونا کے نئے معاملے آرہے ہیں تاہم فی الحال تشویش کی کوئی بات نہیں ہے ۔ چوہان نے یہاں اسمارٹ پارک میں مشہور شاعر منظر بھوپالی کے ساتھ گل مہر اور ارجن کا پودا لگایا۔ اسی دوران انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں روز کووڈ19 کے معاملے سامنے آرہے ہیں۔ ہم عوام کے ساتھ مل کر اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ کوروناسے متعلق ’رہنما ہدایات‘ کی تعمیل یقینی بنائی جائے ۔وزارتی کابینہ کے ارکان اپنے اپنے چارج کے اضلاع میں انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فی الحال تشویشناک صورت حال نہیں ہے ۔وزیر اعلیٰ نے ریاست کے دو شہر بھوپال اور اندور میں نافذ نئے پولس کمشنر سسٹم پر کہا کہ بڑے شہروں میں مختلف قسم کے مسائل سامنے آتے رہتے ہیں۔ انہیں دور کرنے کے لیے یہ سسٹم نافذ کیا گیا ہے ۔ نیا سسٹم مؤثر اور کارگر ثابت ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو شاعر منظر بھوپالی کے ذریعہ ’سائے میں چلے آؤ‘ اور ’تعویذ‘نام کی کتابیں پیش کی گئیں۔