کولکاتا ایئرپورٹ پرانڈیگو اور ایئر انڈیا کے طیارے ٹکراگئے

   

کولکاتہ: مغربی بنگال کے کولکاتا ایئرپورٹ پر دو طیاروں کی آپس میں ٹکر ہوگئی۔ حالانکہ اس ٹکر سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ہے، لیکن اس کی تحقیقات فوری طور پر شروع ہو چکی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر یہ حادثہ کس طرح ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکاتا ایئرپورٹ پر چہارشنبہ27 مارچ کو انڈیگو اور ایئر انڈیا کے ایئرکرافٹ کے پنکھ آپس میں ٹکرا گئے۔ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ انڈیگو کی فلائٹ ٹیکسی۔وے سے گزر رہی تھی تبھی ایئرکرافٹ کا حصہ دوسرے ایئرانڈیا کے ایئرکرافٹ سے ٹکرا گیا تھا۔اس حادثہ کے بعد ایئر انڈیا ایکسپریس کے ایک ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ دوسری ایئر لائن کے ٹیکسی طیارے کے پنکھ کے کنارہ نے ہمارے ایک طیارے کو ٹکر مار دی جو چنائی کے لیے شیڈول آپریشن کے لیے کولکاتا کے رَن وے میں داخل ہونے کلیئرنس کا انتظار کر رہا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے بعد طیار ے کو واپس کنارے لایا گیا اور حادثہ سے متعلق تفتیش جاری ہے۔ اس کے لیے ہم ریگولیٹر اور ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔