کولکتہ : کولکتہ کی ایک مقامی عدالت نے 33 سالہ سنجے رائے کو آر جی کار ہاسپٹل میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کا مرتکب قرار دیا ہے ۔ اس کی سزا کا پیر کو اعلان کیا جائیگا ۔ اس طرح سارے ملک میں برہمی کی وجہ بننے والے اس افسوسناک واقعہ کا منطقی انجام ہوا ۔ 33 سالہ سنجے رائے سابق سیول پولیس والینٹر بتایا گیا ہے ۔ 31سالہ خاتون ٹرینی ڈاکٹر 8 اگسٹ کی رات ڈیوٹی پر تھی اور دوسری صبح وہ مردہ پائی گئی تھی ۔ اس کے بعد سارے بنگال میںاحتجاج شروع ہوگیا تھا ۔ عدالت نے 160 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا ۔ اڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سشن کورٹ سیالڈہ نے سنجے رائے کو بھارتیہ نیائے سنہیتا کے دفعات کے تحت عصمت ریزی اور قتل کا مرتکب قرار دیا ہے ۔ عدالت میں سنجے رائے کو خاطی قرار دئے جانے کے بعد متوفی ڈاکٹر کے والد جذبات سے مغلوب ہوگئے اور جج سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہ بھروسہ برقرار رکھا جو عدلیہ میں انہیں تھا ۔ سنجے رائے کو انتہائی سخت سکیوریٹی میں کمرہ عدالت میں لایا گیا تھا اور فیصلہ کے بعد اس نے کہا کہ اسے اس معاملے میں پھنسایا گیا ہے ۔