کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی کودنڈا رام سے ملاقات

,

   

کانگریس کی تائید کا تیقن، کونسل کے نتائج کا خیرمقدم
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا بھونگیر سے کانگریس کے امیدوار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام سے ملاقات کی اور انتخابات میں تائید کی اپیل کی ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کونسل کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی شکست سے عوام کی حقیقی رائے منظر عام پر آچکی ہے اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے مرکز کی نریندر مودی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کے فیصلوں سے عوامی مشکلات پر کودنڈا رام سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کے بعد غریبوں کی فلاح و بہبود ممکن ہے ۔ انہوں نے کودنڈا رام کی جانب سے تائید کے تیقن پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ جہاں بھی تلنگانہ جنا سمیتی کے امیدوار نہیں ہیں ، وہاں کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں تبدیلی کی صورت میں تلنگانہ میں بھی تبدیلی آئے گی اور مرکز نے جو پارٹی برسر اقتدار آئے اسے تلنگانہ کی بھلائی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ کودنڈا رام نے زراعت ، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں خصوصی توجہ کی خواہش کی۔ انہوں نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو مشورہ دیا کہ اسمبلی انتخابات کی طرح ٹی آر ایس کی جانب سے امکانی دھاندلیوں پر چوکسی اختیار کریں۔