کونسل اجلاس میں رحمت بیگ کی شرکت پر تجسس

   

مستعفی کروانے ’ مذاکرات ‘ کی اطلاع ۔ مشروط آمادگی کا دعوی
حیدرآباد 6 ستمبر(سیاست نیوز) کیا رحمت بیگ قانون ساز کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے!رکن کونسل کی حیثیت سے انہیں آج سے شروع ہونے والے کونسل کے اجلاس میں شرکت سے روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے لیکن اب بھی یہ تجسس برقرار ہے کہ آیا رحمت بیگ اپنی کونسل رکنیت کی مستعفی ہوں گے یا نہیں‘ اگر نہیں تو کیا وہ 7ستمبر سے شروع ہونے والے کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ 28 اگسٹ کی رات دیر گئے رحمت بیگ کو مجلس نے پارٹی سے برطرف کرکے کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی ’ہدایت ‘ دی تھی لیکن اس کے بعد سے لاپتہ رحمت بیگ نے ’مشروط استعفیٰ‘ پر آمادگی ظاہر کرکے پارٹی قیادت کو ان سے بات چیت کیلئے مجبور کردیا ۔مدینہ منورہ میں نظر آرہے مرزا رحمت بیگ سے مذاکرات کے متعلق کہا جارہا ہے کہ ’رحمت بیگ‘ خفیہ معلومات کا خزانہ ہیں اسی لئے ان سے ’محتاط‘ انداز میں نمٹنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایک ہفتہ سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود ’استعفیٰ ‘ کی ہدایت پر عمل نہ کرنے اور سب سے زیادہ ’وفادار‘ سمجھے جانے والے رکن کونسل کی جانب سے ’ہدایت ‘ ماننے مشروط آمادگی نے صدر مجلس کو حیرت زدہ کردیا ہے ۔بتایاگیا کہ مجلس اتحادالمسلمین نے رحمت بیگ کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے تاکہ اگر وہ شہر پہنچتے ہیں تو انہیں کونسل رکنیت سے مستعفی کروانے اقدامات کئے جاسکیں حالانکہ رحمت بیگ یہ کہہ چکے ہیں کہ ’پارٹی سے اخراج پارٹی صدر کا اختیار ہے ‘ کونسل سے استعفیٰ ان کا اپنا اختیار ہے‘ انہیں مستعفی ہونے دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا۔تلنگانہ کونسل و اسمبلی اجلاس کے آغاز کے دوران اگر رحمت بیگ اجلاس میں نہیں پہنچتے ہیں تو ان کی رکنیت پر کوئی فرق نہیں پڑیگا وہ اس سے متعلق بھی تفصیلات حاصل کرچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق رحمت بیگ کو مستعفی کروانے جاری مصالحتی مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو جس ’ویڈیو‘ کی بنیاد پر انہیں سے خارج کیا گیا اس ویڈیو کو منظر عام پر نہیں لایا جائے گا اور اگر رحمت بیگ مستعفی نہ ہونے کے اپنے فیصلہ پر بضد رہتے ہیں تو اس ویڈیو میں موجود ’رکن قانون ساز کونسل‘کی پٹائی کے حصہ کو حذف کرکے منظر عام لایا جائے گا تاکہ عوام کو یہ دکھایا جاسکے کہ ’رحمت بیگ ‘ کا ویڈیو کوئی AI کا ویڈیو نہیں ہے بلکہ حقیقی ویڈیو ہے لیکن اس ویڈیو میں موجود ’پٹائی و زدوکوب‘ کے حصہ کو حذف کردئیے جانے کی ’ہدایت‘ دی گئی ہے۔3