کونسل چنائو میں کامیابی کے سی آر سے عوامی ناراضگی کا ثبوت: جیون ریڈی

   

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں ناکامی کا الزام، لوک سبھا چنائو میں کانگریس کا بہتر مظاہرہ
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے نو منتخب رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ متحدہ چار اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرے کی نشست کے لیے انتخابات میں ان کی بھاری اکثریت سے کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری ملازمین، اساتذہ اور نوجوان کے سی آر حکومت سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کی تین نشستوں پر ٹی آر ایس کے تائیدی امیدواوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جو لوک سبھا انتخابات میں عوامی رائے کا اظہار ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرے گی۔ جیون ریڈی نے آج گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کریم نگر، عادل آباد، میدک اور نظام آباد سے تعلق رکھنے والے گریجویٹ رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ چار اضلاع، چھ لوک سبھا اور 42 اسمبلی حلقوں پر محیط ہیں۔ ان تمام حلقوں میں ٹی آر ایس کے امیدوار کو محض 17 ہزار ووٹ حاصل ہوئے جبکہ 83 فیصد ووٹ حکومت کے خلاف تھے۔ جیون ریڈی کو 55 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر نے عوام سے کیئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اساتذہ، نوجوانوں اور سرکاری ملازمین نے اس امید کے ساتھ حصہ لیا تھا کہ نئی ریاست میں ان کا مستقبل تابناک رہے گا۔ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے لیکن ٹی آر ایس نے تمام طبقات کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ اساتذہ، کنٹراکٹ ملازمین، سرکاری ملازمین اور تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان حکومت سے مایوس ہیں۔ تلنگانہ میں دو لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں لیکن گزشتہ پانچ برسوں میں صرف 20 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیئے گئے۔ ایک لاکھ 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات ابھی باقی ہیں۔ سرکاری ملازمین کے لیے پے ریویژن کمیشن کے اعلان میں تاخیر کی گئی اور حکومت نے عبوری امداد کا اعلان بھی نہیں کیا ہے۔ سرکاری ملازمین اولڈ پنشن اسکیم کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی ناراضگی کو محسوس کرتے ہوئے اپنی دوسری میعاد میں تمام طبقات کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اقتدار کے لیے عوام کو تقسیم کررہے ہیں جبکہ راہول گاندھی ملک میں اتحاد، یکجہتی اور سکیولرازم کے خواہاں ہیں۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس مرکز کی بی جے پی کی بی ٹیم کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔