کونڈا سریکھا کی مہیش کمار گوڑ سے ملاقات

   

کڈیم سری ہری کے خلاف کارروائی کی اپیل ، تنازعہ کا جائزہ لینے وزیر کو تیقن
حیدرآباد ۔9 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر جنگلات کونڈا سریکھا اور اسٹیشن گھن پور کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کے درمیان سیاسی جنگ شدت اختیار کرچکی ہے۔ متحدہ ورنگل ضلع سے تعلق رکھنے والے دونوں قائدین ایک دوسرے پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ کونڈا سریکھا اور کڈیم سری ہری کا یہ تنازعہ آخر کار صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ تک پہنچ چکا ہے۔ کونڈا سریکھا نے آج مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی اور سری ہری کے خلاف تحریری شکایت حوالے کرتے ہوئے پارٹی کی سطح پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کونڈا سریکھا نے ورنگل ضلع کی سیاسی صورتحال پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ کڈیم سری ہری نے انہیں اطلاع دیئے بغیر ہی انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ متعلقہ وزیر کو اطلاع دیئے بغیر ان کے محکمہ کا جائزہ اجلاس منعقد کرنا پروٹوکول کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے سری ہری کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سریکھا نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بھی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کڈیم سری ہری خاتون وزیر کو نشانہ بناتے ہوئے ضلع میں الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے اس معاملہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 1/k/m/b