کونڈا سریکھا کے نامناسب رویہ کے سبب ہائی کمان کو کارروائی کرنی پڑی

   

ڈسپلن شکنی ناقابل برداشت، پارٹی میں برقراری پر بہتر مواقع: مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کونڈا سریکھا کا رویہ انتہائی قابل اعتراض رہا جس کے نتیجہ میں کانگریس ہائی کمان نے ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں جمہوریت اور اظہار خیال کی آزادی ہے۔ تاہم ڈسپلن شکنی کی صورت میں سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ مہیش کمار گوڑ جو نئی دہلی میں ہیں ، انہوں نے ہائی کمان کے قائدین سے تلنگانہ کی صورتحال پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا سریکھا نے کانگریس پارٹی میں برقرار رہنے کا اعلان کیا ہے اور وہ کسی اور پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اگر وہ پارٹی میں برقرار رہتی ہیں تو انہیں کوئی اہم ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ کابینہ سے برطرفی پر کونڈا سریکھا نے جو ردعمل ظاہر کیا ہے ، وہ قابل اعتراض اور جذباتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اگر کسی کو دشواری یا مسائل کا سامنا ہو تو وہ پی سی سی صدر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی رائے پیش کرسکتے ہیں لیکن میڈیا میں مرضی متعلق اور من مانی بیانات اور الزام تراشی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی ہائی کمان نے کونڈا سریکھا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے واضح پیام دیا ہے کہ ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کوئی بھی کانگریس قائد اگر پارٹی حدود کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کونڈا سریکھا نے دختر کی جانب سے چیف منسٹر پر الزام تراشی کی کم از کم مذمت تک نہیں کی ، جس پر ہائی کمان نے سنگین نوٹ لیا۔ انہوں نے چیف منسٹر پر ہائی کمان کو بلیک میل کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو اس طرح کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔1/k/m/b
انہوں نے کہا کہ کونڈا سریکھا پارٹی میں برقرار رہتی ہیں تو ان کے لئے بہتر مواقع بھی موجود رہیں گے۔1/k