حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی کو کانگریس پارٹی میں واپس لانے کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ اے آئی سی سی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن دپیندر سنگھ ہوڈا نے آج کونڈا وشویشور ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر اور تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ریاست کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ دپیندر سنگھ ہوڈا نے وشویشور ریڈی کو کانگریس میں واپسی کی دعوت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ وشویشور ریڈی بہت جلد کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ واضح رہے کہ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کے بعد وشویشور ریڈی نے کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔