حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے پی سی سی صدر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ انہوں نے پارٹی کی صدارت کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کانگریس کے استحکام کی مساعی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ کونڈا وشویشور ریڈی نے حالیہ دنوں میں پارٹی کے کمزور مظاہرے کو دیکھتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس قائدین نے ان سے ربط قائم کیا لیکن انہوں نے شمولیت سے انکار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کونڈا وشویشور ریڈی نے ہائی کمان سے مطالبہ کیا تھا کہ پارٹی کی صدارت ریونت ریڈی کو دی جائے۔ سینئر قائدین کی جانب سے مخالفت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے خاموشی اختیار کرلی تھی۔ اب جبکہ ریونت ریڈی پارٹی کی کمان سنبھال چکے ہیں، توقع ہے کہ وشویشور ریڈی دوبارہ سرگرم ہوجائیں گے۔
