کونڈا وشویشور ریڈی کی عنقریب کانگریس میں واپسی

   

Ferty9 Clinic

ریونت ریڈی کی کامیاب مساعی ، کئی ناراض قائدین سے ربط میں

حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کی قیادت سنبھالنے کے بعد ریونت ریڈی کو پارٹی کے ناراض قائدین کو منانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین ان سے ربط میں ہیں۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی کو کانگریس میں واپس لانے کی کوشش اس وقت کامیاب ہوئی جب ریونت ریڈی نے وشویشور ریڈی کے مکان پہنچ کر ملاقات ۔ ایک گھنٹہ سے زائد طویل اس ملاقات میں ریونت ریڈی نے وشویشور ریڈی سے پارٹی میں واپس آنے کی اپیل کی جس پر انہوں نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی شکست کے بعد وشویشور ریڈی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ملاقات کے بعد ریونت ریڈی نے کہا کہ وشویشور ریڈی تلنگانہ عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔ ریاست کی سیاسی صورتحال کے علاوہ ریاست کے مستقبل پر بات چیت کی گئی۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وشویشور ریڈی کسی بھی وقت کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی کے پارٹی کی صدارت پر انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کے حق میں جدوجہد میں وہ شامل ہوں گے۔ وہ کانگریس میں شمولیت کے بارے میں عنقریب اعلان کرینگے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وشویشور ریڈی کو کانگریس ہائی کمان کی موجودگی میں پارٹی میں شامل کرایا جائے گا۔ اسی دوران گزشتہ دو ماہ سے پارٹی کے ناراض قائدین کو منانے کیلئے ریونت ریڈی سرگرم ہوچکے ہیں۔ اگرچہ کئی قائدین نے جائزہ تقریب میں شرکت کی لیکن بعض قائدین ابھی بھی پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں۔