دواخانہ کا عملہ اور مریضوں کا معائنہ کرنے کا فیصلہ ، شہر کا نواحی علاقہ میں وائرس کا پھیلاؤ
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں واقع کونڈاپور ایریا گورنمنٹ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ کونڈا پور ایریا ہاسپٹل کے تمام عملہ کا کورونا وائرس معائنہ کیا جائے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے دوران اب ایریا ہاسپٹل کے نگران کو کورونا وائرس کی تصدیق نے محکمہ صحت کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کو گذشتہ تین یوم سے شدید بخار تھا اور بخار کم نہ ہونے پر ان کا کورونا وائرس کا معائنہ کیا گیا جس کی آج رپورٹ آچکی ہے ۔ ڈاکٹر کو کورونا وائرس کی تصدیق کے ساتھ ہی محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے ان کے پرائمری کانٹیکٹ کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران دواخانہ کے تمام عملہ کا معائنہ کرنے کے علاوہ گذشتہ 14یوم کے دوران دواخانہ سے رجوع ہونے والے مریضوں کے معائنہ کے متعلق بھی غور کیا جا رہاہے کیونکہ ڈاکٹر معمول کے مطابق اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور مریضوں کی تشخیص بھی کر رہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق انہیں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد فوری دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے طبی عملہ کے علاج کے لئے نمس ہاسپٹل میں جو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں وہیں انہیں بھی شریک دواخانہ کرتے ہوئے علاج فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کونڈا پور ایریا ہاسپٹل جو کہ ضلع رنگاریڈی کے حدود میں ہے اس دواخانہ سے روزانہ کئی مریض علاج و معالجہ کے علاوہ تشخیص کیلئے رجوع ہوتے ہیں ۔محکمہ صحت کو خدشہ ہے کہ ڈاکٹر نے متاثرہ مریض کی تشخیص کی ہے۔
