کونڈا پور ایریا ہاسپٹل میں مزید 14 مریض کورونا پازیٹیو

   

Ferty9 Clinic

عام مریضوں کے داخلہ پر پابندی ، دواخانہ کی مکمل صفائی کی ہدایت
حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) کونڈا پورایریا ہاسپٹل میں جہاں دو یوم قبل سپرنٹنڈنٹ دواخانہ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی وہاں آج 14 مزید کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ دواخانہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد دواخانہ کے عملہ اور مریضوں کے کورونا وائرس معائنوں کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ان معائنوں کے بعد 10 طبی عملہ اور 4 مریضوں کو جو دواخانہ سے رجوع ہوئے تھے کورونا وائرس کی توثیق کی گئی ہے۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کی وباء اور مریضوں میں ہونے والے تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے کئے گئے فیصلہ کے مطابق کئے جانے والے معائنوں کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے ۔ کونڈا پور ایریا ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ کو گذشتہ ہفتہ شدید بخار اور کھانسی کے علامات کے بعد ان کا کورونا وائرس معائنہ کیا گیا تھا اور معائنہ کے نتائج مثبت پائے جانے پر انہیں شریک دواخانہ کردیا گیا تھا لیکن شدید بخار اور کھانسی کے باوجود وہ محکمہ صحت کی جانب سے ملازمین کی رخصت منسوخ کئے جانے کے سبب حسب معمول اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور زائد از 4یوم وہ خرابی صحت کے بعد بھی دواخانہ میں خدمات انجام دیتے رہے ۔ سپرنٹنڈنٹ دواخانہ کو کورونا وائرس کی تصدیق کے فوری بعد محکمہ صحت نے دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے تمام عملہ اور رجوع ہونے والے مریضوں کے کورونا وائرس معائنے کرنے کا فیصلہ کیا ۔ دو یوم قبل کئے گئے معائنوں کے نتائج کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے 10 ملازمین اور رجوع ہونے والے 4مریضوں کو بھی کورونا وائرس کی وباء نے متاثر کیا ہے جن میں بیشتر افراد میں کوئی علامات نہ پائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ضلع رنگاریڈی میں واقع اس دواخانہ میں اب تک 15 کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق ہوچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے دواخانہ میں عام داخلہ کو فوری روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ دواخانہ کی مکمل صفائی کے احکام جاری کئے گئے ہیں ۔جن ملازمین اور مریضوں کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ان مریضوں کے افراد خاندان اور ان سے معمول کے دوران ملاقات کرنے والوں کے بھی کورونا وائرس معائنوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ان تمام کے کورونا وائرس معائنوں کو یقینی بنایا جائے گا۔