راجندر کی تقریب حلف برداری میں شرکت، میں نے ایک جہد کار کی تائید کی ‘ سابق ایم پی
حیدرآباد۔/10 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کونڈہ وشویشور ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کی قیاس آرائیاں آج دوبارہ اس وقت تیز ہوگئیں جب ایٹالہ راجندر کی حلف برداری کے موقع پر وہ موجود تھے۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کے چیمبر میں راجندر کی حلف برداری کے موقع پر دو سابق ارکان پارلیمنٹ موجود رہے جن میں کونڈہ وشویشور ریڈی اور جتیندر ریڈی شامل ہیں۔ وشویشور ریڈی نے کانگریس پارٹی سے استعفی کا اعلان کردیا ہے لیکن باقاعدہ طور پر کسی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ حضورآباد کے ضمنی چناؤ میں انہوں نے ایٹالہ راجندر کی کھل کر تائید کی اور ان کے حق میں پملفٹس شائع کرتے ہوئے رائے دہندوں میں تقسیم کرائے۔ بتایا جاتا ہے کہ وشویشور ریڈی کی ٹیم نے راجندر کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ایک طرف کانگریس پارٹی کو یہ یقین ہے کہ وشویشور ریڈی دوبارہ گھر واپسی کریں گے لیکن آج ایٹالہ راجندر کی حلف برداری اور پھر شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر موجودگی نے بی جے پی میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کو تقویت پہنچادی ہے۔ اس سلسلہ میں میڈیا کے نمائندوں کے استفسار پر وشویشور ریڈی نے کہا کہ ایٹالہ راجندر تلنگانہ تحریک کے سرگرم قائد ہیں اسی لئے انہوں نے ضمنی چناؤ میں پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر ایک جہد کار کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک جہد کار کی حلف برداری تقریب میں شرکت اور مبارکباد پیش کرنے کیلئے اسمبلی پہنچے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق سوالات کو ٹال دیا تاہم بی جے پی کے قائدین کا کہنا ہے کہ وشویشور ریڈی بہت جلد پارٹی میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کرلیں گے۔ر
