کووڈ۔ 19 سے نمٹنے کے لیے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بھاری عطیات

   

حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل(سیاست نیوز) کووڈ ۔ 19 سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کے اقدامات میں تعاون کے طور پر کئی ممتاز شخصیتوں اور تنظیموں نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بھاری عطیات کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے 10 کروڑ روپئے کا عطیہ پیش کیا ہے ۔ کونسل کے صدرنشین پروفیسر ٹی پاپی ریڈی ، نائب صدرنشین آر لمبادری ، نائب صدرنشین وی وینکٹ رمنا اور سکریٹری این سرینواس راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے 10 کروڑ روپئے کا چیک حوالہ کیا ۔ ان چاروں نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں انفرادی طور پر مزید دو لاکھ 50 ہزار کا عطیہ دیا ہے۔ گرین کو گروپ نے ایک لاکھ پی پی ای کٹس کا عطیہ دیا جس کی مالیت پانچ کروڑ روپئے ہے ۔ کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر انیل چلامستی نے چیف منسٹر کے سی آر کو اس سلسلہ میں مکتوب حوالہ کیا۔ مائیترا انرجی گروپ نے دو کروڑ پچاس لاک روپئے مالیتی پی پی ای کٹس اور این 95 ماسک کا عطیہ دیا ہے۔ کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر وکرم کیلاش اور ڈائرکٹر ویویک کیلاش نے چیف منسٹر کو مکتوب حوالہ کیا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجس مینجمنٹ اسوسی ایشن کی جانب سے دو کروڑ روپئے کا عطیہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کیلئے پیش کیا گیا ۔ اسوسی ایشن کے صدر لکشمی نرسمہا راؤ نے چیف منسٹر کو مکتوب حوالہ کیا۔ سری رام چندرا مشن کی جانب سے دیڑھ کروڑ روپئے کا چیک جوائنٹ سکریٹری ومشی اور ڈاکٹر شرد کمار نے چیف منسٹر کے حوالہ کیا۔ آندھراپردیش گیاس پاور کارپوریشن نے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے ۔ مینجنگ ڈائرکٹر وینکٹیشور ریڈی نے چیف منسٹر کو چیک پیش کیا۔ کلواکرتی سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس کارکنوں اور عوام نے 7 لاکھ 41 ہزار روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ رکن اسمبلی جئے پال ریڈی اور ریاستی وزیر نرنجن ریڈی نے یہ چیک چیف منسٹر کے حوالہ کیا۔