کووڈ ویکسین لینے کے بعد اب تک 580 افراد متاثر

,

   


25 ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں3,81,305 افراد کو کووڈ ٹیکے دیئے جاچکے :وزارت صحت

نئی دہلی : مرکزی وزارت صحت نے پیر کو کہا کہ کورونا وائرس کیلئے ویکسین کا ٹیکہ اب تک جملہ 3,81,305 افراد کو دیا جاچکا ہے اور اس کے بعد ملک بھر سے ٹیکہ اندازی کے مضر اثر کے 580 کیس دیکھنے میں آئے ہیں ۔ وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری منوہر اگنانی نے پریس بریفنگ سے خطاب میں کہا کہ پیر کو شام 5بجے تک 25 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 1,48,266 افراد کو ٹیکے دیئے گئے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیر تک ویکسین لینے والوں کی مجموعی تعداد 3,81,305 درج کی گئی ۔ پیر کے ویکسین والے 1,48,266 افراد میں بہار سے 8,656 ، آسام سے 1,822 ، کرناٹک سے 36,888 ، کیرالا سے 7,070 ، مدھیہ پردیش سے 6,665 ، ٹاملناڈو سے 7,628 ، تلنگانہ سے 10,352 ، مغربی بنگال سے 11,588 اور دہلی سے 3,111 استفادہ کنندگان شامل ہیں ۔ منوہر نے کہا کہ 16جنوری کو ملک گیر کووڈ ٹیکہ اندازی مہم شروع ہونے کے بعد سے ملک بھر میں ابھی تک 580 ری ایکشن کیسوں کی اطلاع وصول ہوئی ہے اور 7 افراد کو دواخانہ میں شریک کرانا پڑا ہے ۔ دہلی میں تین افراد شریک دواخانہ ہوئے جن میں سے دو کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے اور ایک کمزوری و نقاہت کا شکار ہے جو پرتاب گنج کے میکس ہاسپٹل میں زیرنگہداشت ہے ۔ اتراکھنڈ میں ایک فرد کی حالت اب مستحکم ہے جسے ٹیکہ لینے کے بعد ری ایکشن ہوا تھا ۔ وہ ایمس رشی کیش میں زیرنگرانی ہے ۔ اسی طرح چھتیس گڑھ میں ایک اور کرناٹک میں دو افراد دواخانہ میں شریک ہیں ۔ ایڈیشنل سکریٹری نے مزید کہا کہ سنگین یا شدید نوعیت کے مضر اثرات کا ابھی کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔اس دوران حکومت نے وضاحت کی ہے کہ کہیں کہیں ویکسین دینے کے بعد ایک یا دو یوم میں متعلقہ فرد کے انتقال کی خبر ہے، وہ ٹیکہ نہیں بلکہ دیگر امراض کا نتیجہ ہے ۔