نئی دہلی، 18 جون (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہول گاندھی نے کہا ہے کہ راجستھان کے کوٹا میں منعقدہ ‘چھاتروں کی گونج’ پروگرام کے ذریعے نظام تعلیم میں تبدیلی کیلئے جو نئی شروعات انہوں نے کل رات کی ہے ، وہ رکنے والی نہیں ہے اور اس مہم کو وہ اب پورے ملک تک پہنچائیں گے ۔ راہول گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کوٹا آپ کمال تھے ۔ یقین مانیے ، کل ہم سب نے مل کر تاریخ کی نئی شروعات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ہزاروں طلبہ شریک ہوئے جبکہ لاکھوں افراد نے اسے آن لائن دیکھا، جس کے ذریعے ملک کو پہلی بار کھل کر یہ معلوم ہوا کہ تعلیم کے نام پر کس طرح بھاری رقم وصول کی جا رہی ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ تو صرف آغاز ہے اور کوٹا میں روشن ہونے والی یہ شمع اب پورے ملک میں تبدیلی کی مشعل بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سفر میں طلبہ اور نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہوگا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مشورے بھیجیں اور ‘چھاتروں کی گونج’ مہم سے متعلق عرضداشت پر دستخط کریں۔واضح رہے کہ راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو کوٹا میں چھاتروں کی گونج’ پروگرام کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے امتحانی نظام، پیپر لیک، کوچنگ اداروں کی مہنگی فیس اور تعلیمی نظام سے متعلق مختلف مسائل پر طلبہ سے براہِ راست گفتگو کی تھی۔