سیلی گوڑی میں انتخابی ریالی سے نریندر مودی کا خطاب
سلی گوڑی:۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک بار پھر بنگال میں چوتھے مرحلے کی پولنگ کے دن سلی گوڑی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوچ بہار میں جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک ہے اور انسانی جانوں کے زیاں پر انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کیا ۔وزیر اعظم نے کہاکہ اس واقعے کے لئے ترنمول کانگریس ذمہ دار ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ترنمو ل کانگریس کی غنڈہ گردی اب آگے جاری نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بنگال کے عوام میں منفی ذہنیت پیدا کردی گئی ہے ۔بی جے پی اس میں تبدیلی لائے گی اور تمام لوگوں کی حفاظت کرے گی ۔مودی نے کہا کہ بھگوان نے دیدی کو بنگال کی خدمت کرنے کا موقع دیا لیکن انہوں نے بنگال کو تباہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ پنچایت انتخابات کی طرح دھاندلی نہیں ہورہی ہے اس لئے دیدی بہت ناراض ہیں ۔مودی نے کہا کہ ممتا بنرجی پہلی وزیرا علیٰ ہیں جومرکزی فورسز کے خلاف بیان بازی کرر ہی ہیں ۔وہ مرکزی افواج کے خلاف لوگوں کے جذبات کو بھڑکارہی ہیں ۔مودی نے پرانے انداز میں کہا کہ ‘‘ ارے دیدی’’ ہمارے بہادر فوجی دہشت گردوں سے نہیں ڈرتے ، وہ نکسلیوں سے نہیں ڈرتے ہیں۔ مودی نے شمالی بنگال کے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شمالی بنگال میں صحت کے بنیادی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی آئے گی۔ حکومت سیاحت کے شعبے کو خصوصی اہمیت دے گی۔مودی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ بی جے پی حکومت عام آدمی کی ترقی کے لئے دن رات کام کرے گی۔خیال رہے کہ کوچ بہار کے شیتل کوچی میں مرکزی افواج کی فائرنگ میں پانچ افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ترنمول کے رکن پارلیمنٹ ڈولا سین نے اس واقعے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا ہے ۔کرشنا نگر میں ایک اور عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی اب صرف بی جے پی سے ہی ڈر رہی ہیں۔ انہیں عام لوگوں سے بھی ڈرنا چاہیے ۔ کیونکہ عام لوگ اس پر یقین رکھتے تھے ۔ لیکن ممتا بنرجی نے عام لوگوں کا اعتماد توڑ دیا ہے ۔مودی نے کہا کہ مغربی بنگال میں روزگار نہیں ہے ۔ مودی نے کہا کہ بنگال کے عوام کو کٹ منی اور رشوت کے علاوہ ممتا بنرجی نے کیا دیاہے ۔ ممتا بنرجی کے ساتھ اب عوام نہیں ہے ۔