کوچ بہار میں سیاسی قائدین کے داخلے پر 72 گھنٹے کی پابندی

,

   

ایک پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ رائے دہی کا حکم ، رپورٹ کی وصولی کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ
نئی دہلی :۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں تشدد کے واقعات کے بعد الیکشن کمیشن نے کوچ بہار کے ایک پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ رائے دہی کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی ضلع میں سیاسی قائدین کے داخلے پر 72 گھنٹوں کی پابندی عائد کردی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اپنے احکامات میں بتایا ہے کہ کوچ بہار ضلع کے اسمبلی حلقہ سیتل کوچی ( ایس سی ) کے پولنگ اسٹیشن نمبر 126 ، امتالی مدھیامک سیکشھا کیندر پر دن میں 11 بجکر 50 منٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ الیکشن کمیشن جنرل مبصر شرد لکشمن آہیر اور پولیس مبصر مدھی ریڈی پرتاپ کا تقرر کیا تھا جو فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہجوم نے پولنگ اسٹیشن پر حملہ کردیا ۔ سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کے عملہ نے صورتحال کو بے قابو ہوتا دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر چار زخمی ہوگئے ۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 2 خصوصی مبصرین کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق سی آئی ایس ایف کے عملہ نے رائے دہندوں ، پولنگ عملہ اور خود اپنی زندگیوں کو بچانے کے لیے فائرنگ کی۔ کیوں کہ ہجوم ان کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کررہا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے علم میں یہ بات لائی گئی ۔ فائرنگ میں ہلاک چار افراد کی آخری رسومات تاحال تکمیل نہیں کی گئی ہے کیوں کہ بعض سیاسی قائدین اس علاقہ کا دورہ کرنے والے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کرنا چاہتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹوں تک ضلع میں کسی بھی سیاسی قائد کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور پانچویں مرحلہ کی پولنگ کے تیاری کے مرحلہ کی مدت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن بنگال کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کے علاوہ کوچ بہار ضلع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کے لیے علاقہ کا دورہ کرتے رہیں ۔۔