حیدرآباد :۔ ضلع وقار آباد کوڑنگل میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک خاندان کے 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انوا کار کا ٹائر پھٹنے سے یہ حادثہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ متوفی افراد کا تعلق جھرہ آصف نگر سے ہے جو علاج کی غرض سے یادگیر جارہے تھے ۔ اس حادثہ میں 58 سالہ مولانا بی ساکن سیڑم کرناٹک ، 39 سالہ بابو میاں ساکن جھرہ آصف نگر ، 35 سالہ محمد عبدل جھرہ آصف نگر اور 27 سالہ محمد رشید ساکن جھرہ ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ 30 سالہ امیر و 57 سالہ اسلم شدید زخمی ہیں ۔ آج صبح تقریبا 6 بجے مولانا بی علاج کیلئے اپنے دو بیٹوں بابو میاں اور عبدل کے علاوہ پوتے رشید کو لے کر کار میں یادگیری روانہ ہوئیں ۔ کوڑنگل راگھویندرا فنکشن ہال کے قریب گاڑی کا پچھلا ٹائر پھٹ گیا ۔ رفتار پر قابو نہ ہونے کے گاڑی دوسری کار سے ٹکرا گئی اور الٹ کر سڑک کے کنارے جالی سے ٹکرا گئی ۔ حادثہ میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ کوڑنگل پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔
