کوڑنگل میں ریونت ریڈی کی انتخابی مہم ،شاندار عوامی استقبال

   

9 ڈسمبر کو حکومت کی حلف برداری، عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا، کارنر میٹنگس سے صدر کانگریس کا خطاب
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی حلف برداری صبح 10 بجے لال بہادر اسٹیڈیم میں ہوگی اور تلنگانہ میں اندراماں راج کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے آج کوڑنگل حلقہ کے دولت آباد ، مدور اور کوسگی کا دورہ کرکے کارنر میٹنگس سے خطاب کیا جن میں ہزاروں عوام اور کارکنوں نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی کوڑنگل حلقہ سے اسمبلی چناؤ میں حصہ لے رہے ہیں اور پرچہ نامزدگی ادخال کے بعد حلقہ کا یہ پہلا دورہ تھا ۔ کوڑنگل میں جگہ جگہ ریونت ریڈی کا شاندار استقبال کیا گیا اور عوام نے کانگریس کی تائید کا عہد کیا۔ دولت آباد اور مدور میں کارنر میٹنگس سے خطاب میں ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے کوڑنگل سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں کے سی آر نے تلنگانہ عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر حکومت سے عاجز آچکے ہیں کیونکہ نئی ریاست کی تشکیل سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ پہنچا۔ ریونت ریڈی نے کانگریس برسر اقتدار آتے ہی 6 ضمانتوں پر عمل کا یقین دلایا اور کہا کہ سونیا گاندھی نے جن ضمانتوں کا اعلان کیا ، اسے کابینہ کے پہلے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ ڈبل بیڈروم ، دلتوں کو تین ایکر اراضی و کوڑنگل میں تعلیمی اداروں کے قیام جیسے وعدوں کی تکمیل میں بی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خواتین کو ہر ماہ 2500 روپئے مدد کی جائے گی۔ رعیتو بھروسہ کے تحت کسانوں کو فی ایکر 15000 کی امداد دی جائے گی جبکہ زرعی مزدوروں کو سالانہ 12000 روپئے مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت ہر گھر کو ماہانہ 200 یونٹ برقی مفت سربراہ کی جائے گی ۔ ضعیفوں ، خواتین اور بے سہارا افراد کے ماہانہ وظیفہ کو 4000 روپئے کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کوڑنگل میں آبپاشی سہولتوں کیلئے آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عوام نے اسمبلی چناؤ میں کانگریس پرچم لہرانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے مدور میں 300 بستروں کا ہاسپٹل ، جونیئر کالج کی عمارت اور اسکولس قائم کئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے لائین اور ڈگری کالج کے وعدوں کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کا جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ حقیقت میں 8 تا 10 گھنٹے برقی دی جارہی ہے ۔ کانگریس اقتدار میں کسانوں کا دو لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کیا جائے گا ۔ کوڑنگل کے سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی موجود تھے۔