کوڑنگل گورنمنٹ میڈیکل کالج کے تعمیری کاموں کوجلدمکمل کیاجائے

   

پرنسپل سکریٹری محکمہ صحت کرسٹینا زیڈ چونگٹوکا دورہ ،عہدیداروںکوہدایت

تانڈور۔ 30جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حلقہ اسمبلی کے کوڈنگل علاقے سے متعلق کوڈنگل سرکاری میڈیکل کالج کے تعمیری کاموں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت ریاستی محکمہ صحت کی پرنسپل سکریٹری کرسٹینا زیڈ چوگتھو نے دی ہے۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین کے ہمراہ کوڈنگل سرکاری میڈیکل کالج کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کالج کے نقشے کا جائزہ لیتے ہوئے ہر کمرہ کو سیریل نمبر دینے، سی سی سڑک، کمپاؤنڈ وال، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، سکیورٹی روم، پانی، بجلی و دیگر تمام بنیادی سہولتوں کو ایک ہفتہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت متعلقہ عہدیداروں کو دی۔اس کے بعد انہوں نے سرکاری اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے ہر وارڈ اور کمرے کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے سے بات چیت کی۔ انہوں نے رجسٹر کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹروں اور عملے کی ہر وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی اس کے علاوہ انہوں نے آئی سی یو، ڈائگناسٹک سینٹر، بلڈ بینک، ایمرجنسی وارڈ، جنرل وارڈ، آئی سی ٹی سی لیاب، حاملہ خواتین کے علاج کا مرکز، گلا، ناک، کان کی او پی، آنکھ، آرتھوپیڈک، ڈینٹل، اور دیگر تمام شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہر شعبہ میں کام کر رہے عملے سے ان کی ملازمت کی مدت، درکار ساز و سامان کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ڈاکٹروں کو وقت کی پابندی کی ہدایت دی گئی۔ ایمرجنسی اسٹاف کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنانے، صفائی عملے کو اسپتال کی صفائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے او پی سیکشن اور دواخانہ کا بھی معائنہ کیا اور ضروری دوائیں دستیاب رکھنے کی تاکید کی۔اس کے بعد انہوں نے ماں و بچہ صحت مرکز کا معائنہ کیا۔ مختلف شعبوں کے کمروں کا جائزہ لیا، روزانہ آنے والی حاملہ خواتین کی تعداد، ریکارڈس، دواؤں کی دستیابی اور دیگر تفصیلات حاصل کیں۔ اسپتال کی صفائی اور نظم و نسق کو بہتر رکھنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر سب کلکٹر اوما شنکر پرساد، اسسٹنٹ کلکٹر ہارس چودھری، کوڈنگل اسپیشل آفیسر ونکٹ ریڈی، جی جی ایچ مالتی، سپرنٹنڈنٹ سنیتا تحصیلدار تار سنگھ، آر ایم او آنند گوپال ریڈی، میونسپل کمشنر وکرام سمہا ریڈی، میڈیکل کالج پرنسپل بی راجو، وائس پرنسپل ڈاکٹر پدما، کنٹریکٹر چندر شیکھر، ای ای اومیش، دیگر عہدیداران، ڈاکٹرز اور متعلقہ افراد شریک تھے۔