ملبورن : امریکہ کی اُبھرتی نوجوان کھلاڑی کوکوگاف کو سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ ایونٹ کے پہلے مرحلہ میں کامیابی کے لئے 3 سیٹوں کی سخت جدوجہد کرنی پڑی حالانکہ ایک موقع پر وہ دوسرے سیٹ میں کامیابی کے قریب پہونچ چکی تھی لیکن جل ٹی چمن نے یہ سٹ اپنے نام کرتے ہوئے مقابلہ کو تیسرے سٹ میں داخل کیا۔ ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ کے اِس مقابلے میں گاف نے 6-3 ، 6-7 ، 7-6 کی کامیابی حاصل کی۔ دیگر مقابلوں میں سابقہ عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمس نے ڈاریا گاؤریلوا کو راست سیٹوں میں 6-1 ، 6-4 سے شکست دی۔ سیرینا اِس وقت اپنے 24 ویں گرانڈ سلام خطاب کا تعاقب کررہی ہیں۔ روسی ٹینس اسٹار انستسیا پاؤلی چنکو نے جاپان کی مساکی ڈوئی کو 6-1 ، 6-4 سے شکست دی۔ ایک اور مقابلہ میں امریکی ٹینس اسٹار ڈینیل کالنس نے نینا سٹوجانو وک کو 6-2 ، 6-1 سے شکست دی۔ مرد زمرہ کے مقابلہ میں امریکی ٹینس اسٹار فرانسیس ٹائیفو کو پہلے ہی مرحلہ کے مقابلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ کورنٹن موٹٹ نے فرانسس کو 3-6 ، 6-4 ، 6-4 سے شکست دی۔