حیدرآباد۔/26 فبروری، ( سیاست نیوز) کوکٹ پلی کے علاقہ میں دھماکہ میں ایک ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ گلف آئیل کارپوریشن آئی ڈی ایل کوکٹ پلی میں پیش آیا۔ تاہم دھماکہ کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ ذرائع کے مطابق آئی ڈی ایل کوکٹ پلی کے بلاک سی میں یہ سانحہ پیش آیا ۔ جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت واسو دیوشرما کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جو اپل کا ساکن تھا۔ پولیس سمجھتی ہے کہ یہ شخص اس کمپنی میں ملازم تھا اس کے ساتھ دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ جن کی شناخت 60 سالہ پدما راؤ ساکن میاں پور، 51 سالہ راجو ساکن وارسی گوڑہ کی حیثیت سے کی گئی جنہیں فوری طورپر علاج کیلئے ای ایس آئی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس حادثہ میں 38 سالہ دیوی ناتھ ساکن بوئن پلی اور 35 سالہ نوین کمار ساکن ناگول معمولی زخمی ہوگئے۔ کوکٹ پلی پولیس نے اطلاع کے ساتھ ہی آئی ڈی ایل علاقہ پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور مصروف تحقیقات ہے۔