بنگلور، : سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) پولیس نے نائیجیریائی شہری کو کوکین فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے اس کے پاس سے چار لاکھ روپیے کی نشہ آور اشیاء برآمد کی ہے ۔ پولیس نے بدھ کے روز بتایا کہ گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت نائیجیریا کے کیلوِن ایڈیکا (24) کے طور پر ہوئی ہے ۔ بنگلور سی سی بی کی اینٹی نارکوٹِکس ونگ نے اپنے یہاں جاری بیان میں کہا کہ گرفتار ملزم ویزہ پر بنگلور آیا تھا اور وہ نشہ آور اشیاء فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ پولیس نے بتایا،‘ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر رام مورتی نگر ہورماوو سگنل کے پاس گاہک کو نشہ آور اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیلوِن کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کو اس کے پاس سے چار لاکھ روپیے کی قیمت کی 54 گرام کوکین کے ساتھ ایک الیکٹرانک تول مشین اور تین موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم اکثر ممبئی جاتا تھا اور وہاں سے کوکین لاکر یہاں فروخت کرتا تھا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔