کوہلی انگلینڈ کیخلاف سیریز کے باقی ٹسٹ میچز بھی نہیں کھیلیں گے

   

آخری تین میچوں میں زخمی شریاس بھی عدم دستیاب ۔ جڈیجہ، سراج اور راہول کی واپسی۔ انڈین اسکواڈ کا اعلان
نئی دہلی: انگلینڈ کے خلاف آخری 3ٹسٹ کیلئے ہندوستان کی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں ویراٹ کوہلی اور شریاس ایر کو 17 رکنی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے جبکہ رویندر جڈیجہ، محمد سراج اور کے ایل راہول کی واپسی ہوئی ہے ۔ دوسری جانب جسپریت بمراہ بھی سیریز کے بقیہ 3 میچ کھیلیں گے ۔ قبل ازیں کہا جا رہا تھا کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے انہیں 2ٹسٹ سے آرام دیا جا سکتا ہے ۔ آخری 3 ٹسٹ راجکوٹ، رانچی اور دھرم شالہ میں کھیلے جائیں گے ۔ دوسرے ٹسٹ سے باہر ہونے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اور بلے باز کے ایل راہول کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ دونوں پہلے ٹسٹ میں زخمی ہونے کے بعد دوسرا میچ نہیں کھیل سکے تھے ۔ تاہم، بی سی سی آئی نے یہ بھی کہا کہ دونوں فٹ رہنے کی صورت میں ہی انہیں پلیئنگ 11میں شامل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی شام بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی تھی ۔ اس میٹنگ سے پہلے ہی کوہلی نے بی سی سی آئی کو اپنی عدم دستیابی کے بارے میں مطلع کردیا تھا۔ کوہلی نے اپنا آخری میچ 17 جنوری 2024 کو افغانستان کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ نجی وجوہات کی بنا پر سیریز کے پہلے دومیچ نہیں کھیل سکے ، اب وہ آخری 3 میچ بھی نہیں کھیلیں گے ۔ اپنے کیریئر میں پہلی بار ویراٹ کسی ڈومیسٹکٹسٹ سیریز کا کوئی میچ نہیں کھیلیں گے ۔ شریاس کو کمر میں درد کی وجہ سے ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے ۔ اس نے دوسرے ٹسٹ کے بعد کمر میں درد کی شکایت کی۔ شریاس پہلے دو ٹسٹ میں بھی کچھ خاص نہیں کر پائے تھے۔ وہ 4اننگز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے۔ پہلے دو ٹسٹ میں 15وکٹیں لینے والے تیز گیند باز جسپریت بمراہ پوری سیریز کھیلیں گے ۔ وہ گزشتہ سال اکتوبر؍نومبر میں ونڈے ورلڈ کپ کے بعد سے مسلسل بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل وہ چوٹ کی وجہ سے 18 ماہ کیلئے باہر رہے تھے ۔ ایسے میں خبریں آرہی تھیں کہ انہیں فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب دوسرا ٹسٹ نہ کھیلنے والے محمد سراج کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ تیز گیند بازوں میں آکاش دیپ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا، جب کہ مدھیہ پردیش کے اویس خان کو رنجی ٹرافی کھیلنے کیلئے ریلیز کیا گیا ہے ۔ دوسرے ٹسٹ میں ڈیبیو کرنے والے رجت پاٹیدار بھی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ ان کے ساتھ سرفراز خان بھی ا سکواڈ میں شامل ہیں۔ شریاس اور کوہلی کے باہر ہونے کے بعد اب ان دونوں میں سے کسی ایک کو تیسرے ٹسٹ میں ایک اور موقع مل سکتا ہے ۔ پانچ ٹسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کا تیسرا ٹسٹ 15 فروری، چوتھا 23 فروری اور پانچواں 7 مارچ سے کھیلا جائے گا۔