کوہلی اور روہت کی ترقی

   

دوبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹی 20 درجہ بندی میں ایک درجہ کی ترقی کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کے نائب روہت شرما بھی تین مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 14 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان منعقدہ پانچ ٹی 20 مقابلوں کی سیریز کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے تازہ ترین درجہ بندی جاری کی ہے ۔ کوہلی جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری مقابلے میں روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھااور 52 گیندوں میں ناقابل تسخیر 80 رنز کی اننگز کھیلی تھی اس کی بدولت وہ فی الحال درجہ بندی میں سب سے بلند مقام پر موجود ہندوستانی کھلاڑی ہیں ۔ روہت شرما نے 34 گیندوں میں 64 رنز بنائے تھے جس کی بدولت انھیں درجہ بندی میں تین مقامات کی ترقی ملی ہے اور اب وہ 14 ویں مقام پر پہونچ چکے ہیں ۔ افغانستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی گئی سیریز میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں میں جنھیں ترقی ہوئی ہے اُن میں شریاس ایئر بھی شامل ہیں جنھوں نے پانچ مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے کیرئیر میں پہلی مرتبہ 26 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں نیز سوریہ کمار یادو اور وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت نے بھی قابل ذکر چھلانگ لگائی ہے ۔ یادو جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے مقابلے میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا لیکن انھیں بیٹنگ کاموقع نہیں ملا جس کے باوجود انھیں 66 واں مقام حاصل ہوگیا ہے۔ پنت جنھوں نے 32 گیندوں میں 57 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت انھیں درجہ بندی میں گیارہ مقامات کی ترقی ہوئی ہے اور اب وہ 69 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔ فاسٹ بولر بھونیشور کمار جنھیں آخری مقابلے میں مین آف دی میچ کااعزاز بھی حاصل ہوا کیونکہ انھوں نے اس مقابلے میں 15 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ، اس مظاہرہ کی بدولت انھیں 21 مقامات کی ترقی ملی ہے اور اب وہ 24 ویں مقام پر موجود ہے۔ علاوہ ازیں ہاردیک پانڈیا کو بھی 47 مقامات کی ترقی کے بعد 78 واں مقام ملا ہے۔ انگلینڈ کیلئے ڈیوڈ ملان بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں جیسا کہ انھوں نے آخری مقابلے میں 68 رنز کی اننگز کھیلی ۔ علاوہ ازیں جوس بٹلر نے بھی ایک مقام کی ترقی کے بعد 18 واں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ لیگ اسپنر عادل رشید ایک مقام کی ترقی کے بعد چوتھے ، فاسٹ بولر جوفرا آرچر 12 مقامات کی ترقی کے بعد 22 ویں اور مارک ووڈ 12مقامات کی ترقی کے بعد 27 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔