پرتھ ۔ امید یہ تھی کہ ویراٹ کوہلی کا بیٹ آسٹریلیا جانے کے بعد دوبارہ بولنے لگے گا جہاں انہوں نے 10 سال قبل اپنا جادو بکھیرا تھا۔ وہی آسٹریلیا جہاں کوہلی نے ہر بار رنز بنائے ہیں لیکن اب ان کی فارم پر سوالیہ نشان لگا چکا ہے ۔ اب ایک بار پھرکوہلی کی فارم اور یہاں تک کہ ان کے کیریئر پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں اور ایسے وقت میں وہ دوبارہ آسٹریلیا میں ہیں لیکن اس بار کوہلی کو اس گراؤنڈ پر بھی راحت نہیں مل سکی ہے۔ پرتھ میں ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن کے پہلے ہی سیشن میں ویراٹ کوہلی صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بارڈر۔گواسکر ٹرافی کا پہلا ٹسٹ جمعہ 22 نومبر کو آپٹس اسٹیڈیم میں شروع ہوا۔ ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس گراؤنڈ کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے غلط نہیں تھا۔ یہاں کھیلے گئے آخری 4 ٹسٹ میں آسٹریلیا نے چاروں بار جیتا تھا اور ہر بار اس نے پہلے بیٹنگ کی تھی۔ لہذا ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ کا فیصلہ غلط نہیں تھا لیکن آسٹریلیا کے فاسٹ بولروں کی بہتر بولنگ نے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا۔ پہلی بار آسٹریلیا میں کھیلنے والے نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال اور تیسرے نمبر پر آنے والے دیودت پڈیکل اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ صرف 12 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد امیدیں اسٹار بیٹر ویرات کوہلی سے وابستہ تھیں اور وہ تال میں آتے نظر آئے لیکن کچھ ہی دیر میں وہ بھی کریز چھوڑکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ پرتھ کی باؤنسی پچ پر کوہلی جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اور وہ پہلی سلپ میں کیچ ہو گئے۔ اس طرح ہیزل ووڈ نے 10ویں مرتبہ کوہلی کو اپنا شکار بنایا۔ وہ آسٹریلیائی بولر بھی بن گئے جنہوں نے کوہلی کو تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ مرتبہ آؤٹ کیا۔ کوہلی 12 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور خراب کارکردگی کا سلسلہ یہاں بھی نہ رکا۔