کوہلی کا ورلڈ کپ میں بیٹنگ نمبر، شاستری اورگنگولی میں اختلاف

   

نئی دہلی ۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کے کامیاب ترین دوروں میں ہندوستانی ٹیم کی بہترین کارکردگی کے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے ورلڈ کپ کے لئے کپتان ویراٹ کوہلی کے بیٹنگ مقام پر اپنے نئے خیال کا اظہار کیا ہے ۔ شاستری کے بموجب ورلڈکپ میں حالات کے پیش نظرکوہلی کو تیسرے کی بجائے چوتھے نمبرپر بیٹنگ کرنے کے لئے اتارنے سے بھی انہیں کوئی پرہیزنہیں ہوگا۔ انگلینڈ میں 30 مئی کو شروع ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے روی شاستری اپنی اس حکمت عملی کوبھلے ہی ٹرمپ کارڈ سمجھ رہے ہیں، لیکن سابق کپتان سورو گنگولی کا ماننا ہے کہ کوہلی کے بیٹنگ آرڈرسے چھیڑچھاڑکرنا بڑی غلطی ثابت ہوسکتی ہے۔ گنگولی نے نیوزچینل انڈیا ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا میں نے اخباروں میں پڑھا کہ شاستری کوہلی کو نمبرچارپربیٹنگ کے لئے اتارنے کی بات کررہے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ پھرنمبرتین پرکون اترے گا، شاید امباتی رائیڈو اتریں گے، لیکن یہ صحیح حکمت عملی نہیں ہوگی، کوہلی نمبرتین پربہت بڑے بیٹسمین ہیں۔ ونڈے میں ہندوستان کی طاقت روہت شرما شکھردھون کے بعد تیسرے نمبرپرکوہلی کی بیٹنگ ہی ہے۔ دراصل گزشتہ دنوں کرکبزکودیئے انٹرویو میں روی شاستری نے کہا تھا کہ اگرورلڈ کپ کے دوران کسی میچ میں حالات تیزبولروں کے لئے مددگاررہے تو وہاں کوہلی کو کھلا کر وکٹ گنوانا نہیں چاہیں گے۔ ایسی حالت میں تیسرے مقام پر کسی اورکوبھیج کرکوہلی کو چوتھے نمبرپراتارا جاسکتا ہے۔