کوہلی کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کیلئے میکس ویل بیتاب

   


ویلنگٹن : آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر گلین میکس ویل آئی پی ایل میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ کھیلنے اور ان کے تجربہ سے سیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔ رائل چیلنجرس بنگلور میں آئی پی ایل 2021ء کیلئے میکس ویل کو 14.25 کروڑ روپئے میں حاصل کیا جیسا کہ پنجاب کنگس نے آسٹریلیائی آل راونڈر کو ناقص سیزن کے بعد اپنی ٹیم سے رخصت کردیا تھا۔ میکس ویل نے کہا کہ کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہے جو کہ ٹسٹ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 سبھی طرز کی کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کھیل کے ساتھ نہ صرف خود کو ہم آہنگ کرلیا بلکہ بہترین کھلاڑی اور ٹیم کے کپتان ہونے کے دباؤ کے باوجود طویل عرصہ سے بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ انڈین پریمئر لیگ میں ان کے ساھت کھیل کر مجھے بھی فائدہ ہوگا اور مجھے امید ہیکہ میں ٹریننگ میں ان کے ساتھ وقت گذارتے ہوئے بہت کچھ سیکھوں گا۔ 32 سالہ میکس ویل نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران کوہلی کے ساتھ ان کی دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے۔