کوہلی ۔روہت کے بعد بھی ہندوستان مضبوط :ڈیرن

   

میلبورن ۔ آسٹریلیا کے سابق ہیڈکوچ اور دو بارکے ورلڈ کپ فاتح ڈیرن لیمن نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سیریز اور اس کے نتائج پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ نے یشسوی جیسوال کی صورت میں نئی نسل کے لیے ایک شاندارکھلاڑی دریافت کرلیا ہے اور ہندوستانی کرکٹ ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کے کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی ایک مضبوط ٹیم رہے گی۔ 54 سالہ لیمن جنہوں نے اپنے ایک دہائی طویل کیریئر میں27 ٹسٹ اور 117ونڈے کھیلے، جسپریت بمراہ کی صلاحیتوں سے بھی بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کھلاڑی کو ایک سیریز میں اتنا اثر ڈالنے والا نہیں دیکھا۔ روہت اور ویراٹ کے ممکنہ سبکدوشی کے حوالے سے، جہاں ہندوستان موجودہ سیریز میں1۔2 سے پیچھے ہے، لیمن نے مہان کرکٹ کی تبدیلی کے عمل کے بارے میں ہمدردی اور عملی رائے ظاہرکی۔ انہوں نے کہا جب بھی کوہلی اور روہت سبکدوشی کا فیصلہ کرتے ہیں، وہ ہندوستان کے لیے ایک طویل عرصے تک شاندار کھلاڑی رہے ہیں۔ اب ہم دیکھ رہے ہیں کہ نوجوان کھلاڑی اگلی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ہندوستانی کرکٹ میں اتنی گہرائی ہے کہ فکرکرنے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایک طویل عرصے سے کوہلی اور روہت نے ہندوستانی ٹیم کو جو دیا ہے وہ کافی شاندار ریکارڈز ہیں لیکن انکے جانے سے پہلے ہی کئی نوجوان کھلاڑی اس خلاء کو پرکرنے تیار نظرآرہے ہیں۔ لیمن نے یشسوی جیسوال کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اگلی نسل کا بڑاکھلاڑی قراردیا، جنہوں نے اس سیریز میں 161، 82، اور84 رنز کی اننگز کھیلی ہیں۔ انہوں نے کہا وہ سوپر اسٹار ہیں۔ بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک جنہیں میں نے دیکھا ہے۔ وہ اور ہیری بروک اگلی نسل کے کھلاڑی ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ کہیں گے کہ یہ واقعی بہترین کھلاڑی ہیں۔لیمن نے جسپریت بمراہ کی کارکردگی کو وسیم اکرم اورگلین میک گرا جیسے عظیم کھلاڑیوں کے برابر قراردیا۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ وہ روہت کے بعد اگلے کپتان ہوں گے۔ انہوں نے پرتھ میں اپنی قیادت کی زبردست کارکردگی دکھائی۔ وہ بہترین بولر ہیں جنہیں میں نے کبھی لائیو دیکھا ہے۔ وسیم اکرم اورگلین میک گرا کے بعد بمراہ نے ایک سیریز میں جو اثر ڈالا، وہ غیر معمولی ہے۔ لیمن نے کہا کہ آسٹریلیا کی بولنگ کے مقابلے میں بیٹنگ ایک تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا فاسٹ بولنگ میں کافی نوجوان صلاحیتآرہی ہے، لیکن بیٹنگ کی آزمائش ہو رہی ہے۔ عظیم کھلاڑیوں کے سبکدوش ہونے کے بعد تبدیلیاں آئیں گی، لیکن بولنگ کافی مضبوط رہے گی۔ ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے ایک سوال پر لیمن نے کہا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں اور اب نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔