کوہلی 13 سال بعد رانجی میں دہلی کی نمائندگی کریں گے

   

نئی دہلی : بی سی سی آئی کے سخت موقف اختیار کرنے کے بعد اب ٹیم انڈیا کے اسٹار کھلاڑی میدان میں آنے لگے ہیں۔ دہلی کی رانجی ٹرافی ٹیم کو قطعیت دینے کے بعد اب یہ ثابت ہوگیا ہے۔ بڑی خبر یہ ہے کہ ویراٹ کوہلی کو دہلی کی رانجی ٹیم میں جگہ مل گئی ہے۔ یہ نام 13 سال بعد دہلی رانجی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ رشبھ پنت بھی دہلی کی ٹیم میں شامل ہیں جو 8 سال بعد یہ ٹورنمنٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔ بڑی خبر یہ ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی انتہائی جونیئر کرکٹر کی کپتانی میں کھیلیں گے۔ دراصل دہلی کی رانجی ٹیم کی قیادت آیوش بدونی کو سونپی گئی ہے۔ کوہلی کا نام ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن یہ یقینی نہیں ہے کہ وہ سوراشٹرا کے خلاف کھیلیں گے۔ دراصل کوہلی کی سڈنی ٹسٹ کے دوران گردن میں موچ آ ئی تھی۔ وہ ابھی پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے ہیں ۔ اس کے لیے ویراٹ نے انجیکشن بھی لیے ہیں۔ اگر ویراٹ فٹ نہیں ہیں تو وہ اس میچ میں نہیں کھیلیں گے لیکن وہ راجکوٹ میں ٹیم کے ساتھ ضرور موجود ہوں گے۔ دوسری طرف پنت کا یہ میچ کھیلنا یقینی ہے۔ یاد رہے کہ بی سی سی آئی نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہوگی، ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ رشبھ پنت نے رانجی ٹرافی میں17 میچوں میں 58.12 کی اوسط سے 1395 رنز بنائے ہیں۔ پنت نے رانجی ٹرافی میں4 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ ان کا بہترین اسکور308 رنز ہے۔ دوسری جانب کوہلی نے رانجی ٹرافی کے 23 میچوں میں50.77 کی اوسط سے 1574 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے رانجی میں پانچ سنچریاں اسکور کی ہیں۔آسٹریلیا کے دورہ پر کوہلی کے مظاہرے مایوس کن رہے نیز بارڈر۔گواسکر سیریز میں ایک سنچری کو چھوڑدیا جائے تو کوہلی کے مظاہروں میں کچھ نہیں رہا ۔