کوہیر میں رعیتو ویدیکا بھون، افتتاح سے قبل خستہ

   

ہوا کے ایک جھونکے نے عہدیداروں اور گتہ داروں کی لاپرواہی کو آشکار کردیا، کسانوں کی برہمی

کوہیر۔ کوہیر منڈل کے موضع وینکٹا پور میں واقع نو تعمیر شدہ رعیتو ودیکا بھون ابھی تک جس کا افتتاح تک عمل میں نہیں آیا حالیہ دو دن قبل معمولی ہوا اور بارش کی وجہ سے اس کی چھت کی ٹین شیڈ اُڑ گئی جس کی وجہ سے محکمہ پنچایت راج کی کارکردگی اور متعلقہ گتہ دار پر کسانوں کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کسانوں نے بتایا کہ رعیتو ودیکا کی عمارت تعمیر ہو کر صرف 7 ماہ کا عرصہ گذرا ہے۔ موسم خراب سیزن کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس ودیکا کی چھت اُڑ گئی۔ کسانوں نے بتایا کہ اس بلڈنگ میں جو تعمیر اشیاء استعمال کی گئی ناقص قسم کی ہے اور دیواروں پر استر کاری تک صحیح ڈھنگ سے نہیں کی گئی اور اس کے علاوہ اس بلڈنگ میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ محکمہ پنچایت انجینئر کوہیر منڈل سے ربط پیدا کرنے پر انہوں نے بتایا کہ متعلقہ گتہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوبارہ بہت جلد تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کوہیر منڈل میں جملہ 6 رعیتوں ودیکا بھونس تعمیر کئے گئے ہیں جس میں صرف ایک کا افتتاح ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کے ہاتھوں عمل میں آیا مابقی 5 کا افتتاح ہونا باقی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ودیکا بھون کے لئے 22 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ اس طرح 6 ودیکا بھونس کے لئے ایک کروڑ 32 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاستی وزیر علیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ سال میں خصوصی بجٹ میں کسانوں کے لئے 360 کروڑ منظور کرتے ہوئے ریاست بھر میں رعیتو ودیکا بھونس کی تعمیر کرواتے ہوئے کسانوں کے لئے ایک پلیٹ فارم پر لاتے ہوئے ان کے مسائل کی یکسوئی، اناج تخم اور محکمہ زراعت کے عہدیداروں سے صلح و مشورے کے لئے تعمیر کروایا ہے جو کہ گزشتہ سال دسہرے تہوار کے موقع پر افتتاح کرنے کا اعلان جاری کیا گیا تھا۔ لیکن افسوس کے وزیر علیٰ کے احکامات کی عمل آوری ابھی تک نہیں ہو پائی۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن پارلیمنٹ ظہیر آباد بی بی پاٹل اور رکن اسمبلی ظہیر آباد کے مانک راؤ کے پاس افتتاح کے لئے وقت نہیں ہے۔ اس وجہ سے ابھی تک افتتاح عمل میں نہیں آیا۔ مسٹر ہریش راؤ ریاستی وزیر نے 20 دسمبر 2020 کی موضع پچاراگڑ میں ایک ودیکا بھون کا افتتاح کیا تھا۔ مابقی 5 رعیتو ودیکا بھون کے افتتاح کی ہدایت جاری کی تھی لیکن افسوس آج تک افتتاح عمل میں نہیں آیا۔