حیدرآباد 20 جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کا پاسپورٹ ضبط کرلینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرفتاری سے بچنے کیلئے ناسازی صحت کا بہانہ کرتے ہوئے تحقیقات کا سامنا کرنے سے گریز کررہی ہیں اور بیرونی ممالک فرار ہوجانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ انہیں ملک میں روکنے کے لیے ان کا پاسپورٹ ضبط کرلینا ہی واحد راستہ ہے ۔ حلقہ لوک سبھا نظام آباد کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی شراب اسکام میں کویتا کا بچنا ناممکن ہے ۔ وہ کسی بھی وقت گرفتار ہوسکتی ہیں ۔ ڈی ارند نے کہا کہ 400 لوک سبھا نشستوں کے ساتھ بی جے پی کامیاب ہوگی اور نریندر مودی تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوں گے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی 10 سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والی بی آر ایس کے قائدین کے سی آر ۔ کے ٹی آر ۔ ہریش راؤ ۔ کویتا اور سنتوش وغیرہ بھی لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرلیں تب بھی انہیں شکست ہوجائے گی ۔ ڈی اروند نے کہا کہ کانگریس نے بی آر ایس کے دور اقتدار میں کالیشورم پراجیکٹ میں ایک لاکھ کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کیا تھا بحیثیت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے اس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا ۔ آج ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے اور ریونت ریڈی چیف منسٹر ہیں مگر وہ کالیشورم پراجیکٹ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مرکز سے مطالبہ نہیں کررہے ہیں ۔۔ 2