مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے کویتا کو بی آر ایس میں بند باب قرار دیتے ہوئے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ۔ تقریبا ایک ہفتہ تک کے سی آر کے فارم ہاوز پر قیام کرکے کویتا کی تنقیدوں اور الزامات کے علاوہ ریاست کے تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے والے کے ٹی آر آج تلنگانہ بھون پہونچے ۔ پارٹی قائدین سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ میڈیا نے کویتا کی جانب سے ہریش راؤ ، سنتوش راؤ پر الزامات کے بارے میں جب سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ بی آر ایس میں کویتا کا ایپیسوڈ ختم ہوگیا ہے ۔ پارٹی قائدین سے تبادلہ خیال کے بعد پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے کویتا کو بی آر ایس سے معطل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کا جو رول ہے اسی رول کے تحت کویتا کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ پارٹی میں تبادلہ خیال کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے بعد اس پر مزید کسی بات کی گنجائش نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ کویتا نے اپنے والد پارٹی کے سربراہ کے سی آر کو تحریر کردہ مکتوب کے افشاں ہوجانے پر ناراض تھیں تب سے وہ جب بھی موقع مل رہا تھا پارٹی قائدین پر اپنی برہمی کا اظہار کررہی تھی اپنے آپ کو بی آر ایس کی سرگرمیوں سے دور رکھتے ہوئے اپنی تشکیل کردہ تلنگانہ جاگروتی کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی تھی ۔ ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد کے سی آر نے انہیں پارٹی سے معطل کردیا تھا دوسرے دن کویتا نے پارٹی اور کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ۔۔ 2