سی بی آئی تحقیقات میں کون ذمہ دار ہیںاور کس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے فیصلہ ہوجائے گا
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس کے ایم ایل سی کویتا کی جانب سے ہریش راؤ پر لگائے گئے الزامات سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیرات میں بڑے پیمانہ پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی برسوں سے یہ الزام عائد کر رہی ہے کہ کالیشورم پراجکٹ میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں لیکن بی آر ایس کے قائدین نے اس کو ہمیشہ مسترد کردیا تھا لیکن آج سابق چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کویتا نے حکومت کی جانب سے کالیشورم پراجکٹ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کے فیصلہ کی ایک طرف مذمت کی ہے تو دوسری طرف ان بدعنوانیوں کو سابق ریاست وزیر ہریش راؤ اور بی آر ایس کے سابق رکن راجیہ سبھا سنتوش راؤ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بالواسطہ طور پر کانگریس کے لگائے گئے الزامات کی توثیق کردی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کویتا کی جانب سے چیف منسٹر اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ کویتا ایک طرف اعتراف کر رہی ہے کہ بدعنوانیاں ہوئی ہیں ، دوسری طرف سی بی آئی تحقیقات کرانے کی مخالفت بھی کر رہی ہیں۔ اپنے دوہرے موقف کو عوام کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے سی آر کے ارکان خاندان میں لڑائی جھگڑے ہوں گے ، اس سے کانگریس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ہمیں ان جھگڑوں سے کوئی دلچسپی ہے لیکن غصہ میں سہی کویتا نے کالیشورم پراجکٹ کی بدعنوانیوں کو قبول کیا ہے اور انہوں نے ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کے خلاف تحقیقات کرانے کا کانگریس حکومت کو چیلنج کیا۔ گزشتہ روز اسمبلی میں کالیشورم پراجکٹ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اس میں کون قصوروار ہیں تحقیقات میں ثابت ہوجائے گا۔2