کویت سٹی۔7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کویت میں کورونا وائرس سے متاثر بیرونی ممالک کے باشندوں کا کرایہ معاف کرنے والے کویتی شہری کے انسانیت نواز رویے کی سوشل میڈیا پر ستائش کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک عمارت کا کویتی مالک مکینوں سے ملنے کے لیے پہنچ گیا۔ اس نے عمارت میں مقیم مصریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگوں کے پاس اسٹیٹ ایجنسی کا نمائندہ آئے توکرایہ مت دینا اور کہہ دینا کہ عمارت کے مالک سے بات کرلو۔ اللہ تعالی ہم سب کو اس آزمائش سے نکالے گا۔عمارت کے مالک عیدثامر العازمی نے مکینوں سے یہ بھی کہا کہ تنگی کے بعد کشادگی بھی آتی ہے میں تم سے جتنا کرایہ لوں گا اس سے مالدار نہیں بنوں گا۔آپ اس وقت تک کرایہ مت دینا جب تک کہ میں خود طلب نہ کروں۔اگرآپ لوگوں میں سے کسی کے پاس خالی کمرے ہوں تو ایسے لوگوں کو وہاں ٹھہرا سکتے ہو جن کے پاس رہائش کا انتظام نہیں ہے۔بیرونی کرایہ داروں کے ساتھ کویتی شہری کی انسانیت نوازی کی پوری عرب دنیا میں ستائش کی جا رہی ہے۔ایک عرب وکیل احمد موسوی نے ٹویٹ کیا کہ عید ثامر العازمی نے جو بھلائی کا کام کیا ہے اوپر والا اسے نوازے گا۔ندی عوض الشلاھی نیٹو ئٹ کیا عید ثامر العازمی کویت کا سچا شہری ہے۔ اس نے ہمارے مصری بھائیوں کا مشکل گھڑی میں ساتھ دیا۔کورونا بحران ختم ہونے تک کرایہ نہ لینے کافیصلہ کرکے بہت اچھا کام کیا۔
اس نے صحیح معنوں میں اہل کویت اورعربوں کیاقدارکی نمائندگی کی۔
