کویت میں بیرونی ڈاکٹروں کی بڑھتی مانگ

   


کویت سٹی ۔کویت نے پاکستان سے اگلے سال کے وسط تک مزید 600 ڈاکٹرز اورطبی عملہ کی مانگ کی ہے۔ اس طرح ایک سال میں کویت میں پاکستان طبی عملے کے ایک ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں گی۔اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے حکام کے مطابق اب تک جملہ 404 پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان دو الگ الگ دستوں کی شکل میں کویت پہنچ چکے ہیں۔ انٹرویو اور دیگر مراحل میں کامیابی کے باوجود کچھ ارکان کورونا پازیٹیو ہونے کی وجہ سے کویت روانہ نہیں ہو سکے۔اکتوبر میں کویت پہنچنے والی پہلی جماعت میں 208 ہیلتھ کیئر پروفیشنلزمیں15 ڈاکٹرز،152 اسٹاف نرسز، اور41 میڈیکل ٹیکنیشنز شامل تھے۔ دوسری جماعت چند دن قبل ہی کویت پہنچی ہے جس میں 41 ڈاکٹر، 131 نرس اور 24 ٹیکنیکلز ہیں جوکویت کے مختلف دواخانوں میں خدمات انجام دیں گے۔حکام کے مطابق کویت کی جانب سے جون تک ایک ہزارڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل عملہ کو کویت پہنچانے کی مانگ کی گئی ہے۔ ابتدا میں طبی عملے اور ڈاکٹرز کی بھرتی کے لئے دیے جانے والے اشتہارات میں سینکڑوں کی تعداد کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن اب کویت کی جانب سے صحت سے متعلق مختلف شعبوں میں ماہر عملہ کی مانگ کی جا رہی ہے اس لئے ہر دوسرے ہفتے اشتہارا جاری کیے جا رہے ہیں۔